’پلان بی‘ میں مزید شدت دیکھنے میں آسکتی ہے۔فائل فوٹو
’پلان بی‘ میں مزید شدت دیکھنے میں آسکتی ہے۔فائل فوٹو

آزادی مارچ۔لوگ انقلاب ایران کو بھول جائیں گے۔مولانا عطاالرحمن

جمعیت علماء اسلام ف کے صوبائی امیر مولانا عطاالرحمن نے کہا ہے کہ ہم ملین مارچ کے حوالے سے کامیاب پروگرامات کرچکے ہیں،اب اکتوبر میں ضرور آزادی مارچ کیا جائے گا، جہاد اورشہادت کے جذبے سے اسلام آباد میں اتنے لوگ جمع کریں گے کہ لوگ انقلاب ایران بھول جائیں گے۔

بونیر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ ہم اور دیگر جماعتوں کیساتھ مشاورت کے بعد 15سے 30اکتوبر تک آزادی مارچ کااعلان کریں گے،اگراسلام آباد جانے والے کارکنوں کا راستہ روکا گیا تو اسی جگہ پر دمادم مست قلندر ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ناقص حکومت کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہوتا جارہا ہے،آزادی مارچ کا مقصد اس ملک کے عوام کو اس ناقص حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے مسلط فیصلوں سے آزاد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکہ کو عوام اور ملک کے مفاد کیلیے نہیں بلکہ کشمیر بیچنے گئے تھے،کشمیر کے مسئلہ پربھارت اور پاکستان میں کھبی جنگ نہیں ہوگی کیونکہ خرید وفروخت میں کسی کا جھگڑا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اس حکمرانوں نے جو نیب کا ادارہ بنایا ہے یہ صرف ایک سیاسی انتقام کیلیے بنایا گیا ہے اگر ہم پر ایسا کوئی کیس بنایا گیا تو ہم اس کو ماننے اور پیش ہونے کیلیے تیار ہی نہیں ہیں کیونکہ کرپشن کے حوالے سے اگر ہم کو گرفتارکرنا تھا یا کوئی الزام تھا تو پچھلے 6سال سے ان کی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگران میں کوئی جرأت ہے توگرفتارکرلیں،کل کوہاٹ میں ہمارے دو بندے گرفتارکیے گئے ہیں وہ بھی چندہ جمع کرنے کے نام پران کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، یہ سب افواہیں ہیں اور نہ ہی ہم دھرنا ختم کرنے کیلیے تیار ہوسکتے ہیں،اسلام آباد میں دھرنا اس وقت تک جاری رہیگا جب تک یہ نااہل حکمران مستعفی نہ ہوں۔