پاکستان نے افغان صدارتی انتخابات پر پاک افغان کراسنگ پوائنٹ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے ، 27 اور 28 ستمبر کو کسی قسم کی پیدل یا کارگو آمدورفت نہیں ہوگی۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے افغان صدارتی انتخابات پر پاک افغان کراسنگ پوائنٹ بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈرکراسنگ پوائنٹ 28 ،27 ستمبر کو مکمل بند رہے گا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا 27 اور 28 ستمبر کو کسی قسم کی پیدل یا کارگو آمدورفت نہیں ہوگی، ایمرجنسی مریضوں کو بارڈر کراسنگ پوائنٹ سے جانے کی اجازت ہوگی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ آج سے 29 ستمبر تک پیدل کراس کرنے والوں اور تجارتی گاڑیوں کی سخت چیکنگ ہوگی۔
خیال رہے افغانستان میں ہفتے کو صدارتی انتخابات ہورہے ہیں ، جس میں اٹھارہ امیدوارمیدان میں ہیں تاہم موجودہ صدراشرف غنی اورافغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یاربھی صدارتی الیکشن لڑرہے ہیں۔افغان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخابات کے لیے ملک بھرمیں پانچ ہزارپولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں ، الیکشن کے سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر باہتر ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔