جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما مولانا محمد حنیف کے قتل کے خلاف کوئٹہ میں شٹر ڈائون ہڑتال جاری ہے،ہڑتال کے موقع پردکانیں اورکاروباری مراکز بند ہیں۔
جمیعت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قتل کے خلاف جے یوآئی نے آج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈائون ہڑتال کی کال دی ہے،اسی کال پرآج کوئٹہ میں شٹرڈائون ہڑتال کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر شہر میں بیشتر دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ شہرکی سڑکوں پرٹریفک کی روانی بھی معمول سے کم ہے۔
جماعت اسلامی بلوچستان اورانجمن تاجران بلوچستان نے جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے چمن دھماکہ،مولانا محمد حنیف ودیگرکی شہادت کے حوالے سے(آج)اتوارکو ہونے والی شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پورے صوبے میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔
جماعت اسلامی کےصوبائی رہنماؤں نےشٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کرتےہوئےکہا ہےکہ جے یو آئی ودیگر شہدا وزخمیوں کے غم میں برابرکےشریک اور ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہیں۔
جماعت اسلامی کےبیان میں تاجروں،دکانداروں اورعوام الناس سے آج ہونے والی شٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت سے امن کی بحالی کا بھی مطالبہ کیاہے۔
دوسری طرف مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنما اللہ داد ترین نے بھی شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
چمن دھماکے کے بعد کوئٹہ میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے، مختلف شاہراہوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں، چیکنگ اور گشت جاری ہے، گزشتہ روز چمن میں موڑر سائیکل بم دھماکے کے نتیجے میں جے یوآئی ف کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افرادشہید اور سترہ افراد زخمی ہوئے تھے۔