نون لیگ تلاش گمشدہ کا اشتہار دے گی۔فائل فوٹو
نون لیگ تلاش گمشدہ کا اشتہار دے گی۔فائل فوٹو

پنجاب اور پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کی تلاش

مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پراظہار تشویش کرتے ہوئے دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزرا کے تلاش گمشدہ کا اشتہاردینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر شدید تشویش ہے، حکومتی نا اہلی کی وجہ سے پنجاب میں ڈینگی کے 3377 اور خیبر پختونخوا میں 3604 مریض سامنے آچکے ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ پنجاب کے عوام آج بھی شہباز شریف کو اپنا وزیراعلیٰ سمجھتے ہیں، پنجاب کی بدقسمتی ہے کہ بنی گالہ اینڈ کمپنی نے ایک کٹھ پتلی شخص وزیراعلیٰ مقررکردیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلیٰ پنجاب و خیبر پختونخوا ،صوبائی وزرا میاں اسلم اقبال اور محمود الرشید کے تلاش گمشدہ کا اشتہار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی حلقوں میں جعلی کپتان کی یوٹرن تقریرکا اثرختم ہو گیا ہو تو ڈینگی کی صورتحال کو سنجیدہ لیں۔