وزیراعظم عمران خان زلزلے سے متاثر ہونے والے آزاد کشمیرکے علاقے میرپورپہنچ گئے۔
وزیراعظم عمران خان نے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر میرپورکے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ہرممکن سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیر میں زلزلے سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان، ریلیف کے حوالے سے اقدامات اور بحالی کیلیے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، چیئرمین این ڈی ایم اے بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا اقوام متحدہ میں تھا تو زلزلے کا علم ہوا، مجھے بہت افسوس ہوا، فوری طور پر یہاں کا دورہ کرنا چاہتا تھا، مگر امریکہ سے واپسی میں تاخیر ہوئی، جانی و مالی نقصان اٹھانے والوں کا دکھ محسوس کرسکتا ہوں۔
ان کا کہناتھا کہ حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے ایک پیکیج تشکیل دے رہی ہے، زلزلہ متاثرین کے لیے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔