مسلم لیگ ن نے ملک میں عام انتخابات کا مطالبہ کر دیا،ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے شہبازشریف کے زیرصدارت مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو مشکل سے نکالنے کےلیے جلد عام انتخابات ضروری ہیں۔
احسن اقبال نے کہاکہ ملک کو بند گلی سے نکالنے کےلیے آزادانہ اورشفاف انتخابات کرائے جائیں،عام انتخابات کےلیے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف سیاست ،نفرت ،انتقام اور حسد کا نشانہ بنے ہوئے ہیں،جج کی برطرفی کے باوجود نوازشریف کی سزا برقرار ہے،نوازشریف کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی رہائی اورحکومت سے نجات کےلیے مہم کا آغاز کریں گے،آزادی مارچ کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کرچکے تھے، آزادی مارچ کی تاریخ کےلیے مشاورت کا آغاز کریں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے5اگست کے بعد 50دن ضائع کیے،وزیراعظم نے کسی ملک کا دورہ نہیں کیا،انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی حقوق کونسل میں ووٹ حاصل نہ کرسکی،حکومت نے قومی یکجہتی قائم کرنے کا موقع ضائع کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہیے تھا اپوزیشن کو ساتھ لے کر مظفرآباد جاتے،کیا حکومت نے او آئی سی اجلاس بلانے کےلئے کوئی اقدام اٹھایا ہے؟احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم اور صدرٹرمپ کی بات چیت پر بھی ایوان کو اعتماد میں لیاجائے۔
رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ ن لیگ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بگڑتی ہوئی اقتصادی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا،ہمارادفاعی بجٹ7ارب ڈالر سے بھی کم ہوگیا ہے،حکومت نے کاروبار بند کردیاہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری جرائم میں اضافے کا باعث ہے،اقتصادی صورتحال سے متعلق حکومت کے پاس روڈ میپ نہیں،کھاد کی بوریوں کی قیمت میں اضافے سے کاشت میں کمی ہوئی۔