وزیرِ اعظم عمران خان نے سرکاری اداروں میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے تمام وزارتوں اور صوبوں کو شہریوں کی درخواستیں 4 ہفتوں میں نمٹانے کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لائسنس، این او سی، ڈومیسائل کے حصول کے لیے شہریوں کی بے شمار درخواستیں تعطل کا شکار ہیں، سرکاری اداروں میں درخواستوں اور پٹیشنز پر کارروائی نہ ہونا افسوسناک قرار دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے عام شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال کرنے کے لیے حکم جاری کیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی ادارے شہریوں کی درخواستیں 4 ہفتوں میں نمٹائیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام وزارتیں، ادارے اور محکمے شہریوں کے کام ترجیحی بنیادوں پر کریں، درخواست پر تاخیر ہو تو شہریوں کو تحریری طور پر وجوہات بتائی جائیں۔
وزیرِ اعظم نے تمام اداروں سے رپورٹ بھی طلب کی اور کہا کہ ادارے رپورٹ میں بتائیں کہ سروس ڈیلیوری سے متعلق شہریوں کی کتنی درخواستوں پر کام ہوا، ٹائم لائن دینے کا مقصد یہ ہے کہ شہریوں کو معلوم ہو کہ ان کی درخواست پر کتنا کام ہوچکا ہے۔
انہوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ ادارے اپنی ویب سائٹ یا نوٹس بورڈ پر سروس ڈیلیوری سے متعلق ٹائم لائن چسپاں کریں۔