وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کابینہ میں ردوبدل کا اختیاروزیراعظم کے پاس ہے،ردوبدل نہیں کیا جارہا، تاہم میرا مخالفین کیلیے پیغام ہے کہ جو میری تبدیلی کی خبریں چلا رہے ہیں ان لوگوں کو میرے ساتھ ہی گزارا کرنا پڑے گاتاہم کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے مجھ پراعتماد کا اظہارکیا اور میرے کام کو سرا ہا گیا ہے۔
منگل کو میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا وفاقی کابینہ میں ردوبدل وزیراعظم کا استحقاق اور اختیار ہے جسے کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے مجھ پراعتماد کیا ہے کہ میں 24/7 کام کرتی ہوں، امریکہ اور پاکستان کے وقت میں فرق کے باوجود وزیراعظم نے جو بھی اسائنمنٹ دی اسے بہتر انداز میں آگے پہنچایا۔
انہو ں نے کہا جو جس وزارت میں بیٹھا ہے اسے ٹیم بن کر کھیلنا ہے،اکیلا کوئی کامیاب نہیں ہوسکتا، ٹیم وہ ہی جیتتی ہے جس کے تمام کھلاڑی یکجا ہو کر کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا میڈیا کا بھی شکریہ جو مجھ پر تنقید بھی کرتا ہے اور مجھے مضبوط بھی بناتا ہے۔