شہریار آفریدی سیفران اور نارکوٹکس کے وزیر مملکت تھے
آپ کو ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیے تھی، وزیر اعظم عمران خان

رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت عدالت میں پیش کریں گے۔شہریار آفریدی

وزیرانسداد منشیات شہریارآفریدی کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات فورس رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت عدالت میں پیش کرے گی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کے اجلاس میں وزیرانسداد منشیات شہریارآفریدی نے کہا کہ بھارت پاکستان کو فنانشل ٹاسک فورس میں بلیک لسٹ کرانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں آج پاکستان بہت آگے ہے، 250 عالمی اداروں سے منی لانڈرز اور منشیات فروشوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا، اب ہر دس منٹ بعد ہمارا ڈیٹا اپ ڈیٹ ہو گا، اس ڈیٹا بینک نے پاکستان کو دنیا میں بہترین ممالک میں شامل کر دیا، اب اگر دنیا کے کسی شہر میں کوئی جرائم پیشہ شخص لینڈ کرتا ہے تو ہم انہیں بتا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ہم بتا سکتے ہیں کہ ہندوستان میں کتنے لوگ منی لانڈرنگ اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔انٹرپول کے سابق صدررونلڈ روبن پاکستان سے ڈیٹا مانگ رہے ہیں ، یو اے ای والے بھی ہم سے اس ڈیٹا کے سلسلے میں بات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ ملک بھر میں اے این ایف کے صرف 2900 لوگ ہیں، پورے بلوچستان کے لیے ہمارے پاس 506 لوگ ہیں، گلگت بلتستان کیلیے میرے پاس اے این ایف کے صرف 6 لوگ ہیں، یہی لوگ عدالتوں اور کچہریوں کے چکر بھی لگاتے ہیں۔

شہریارآفریدی نے کہا کہ ہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہیں، پاکستان میں رواں برس 2200 لوگ گرفتارکیے لیکن بات صرف رانا ثنا اللہ کی ہوتی ہے، رانا ثنا اللہ کے ساتھ نہ وزیر اعظم اور نہ میری دشمنی ہے، اگرہم ذاتیات پرآتے تو رانا ثنااللہ کو پریس کے سامنے نہ جانے دیتے۔

ان کا کہناتھا کہ معلوم ہے کہ کتنے سال میں رانا ثنااللہ کی جائیدادمیں کتنا اضافہ ہوا، رانا ثنااللہ ،ان کی اہلیہ اور داماد کے پاس کتنی جائیداد ہے۔ اے این ایف نے رانا ثنااللہ کا 3 ہفتے تک تعاقب کیا، راناثنااللہ کی کی گاڑی کی فوٹیج اے این ایف کے پاس ہے،انسداد منشیات فورس تمام ثبوت عدالت میں پیش کرے گی۔