سپریم کورٹ نے کاروباری طبقے کوسہولیات فراہم کرنے کاحکم جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ تجارتی حجم کم ہونا ملکی معیشت کیلیے نقصان دہ ہے۔
سپریم کورٹ میں فلورملز کو بینک گارنٹی واپس کرنے کے حکم کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سماعت کے بعد پنجاب حکومت کی اپیل خارج کردی۔
عدالت عظمیٰ نے پنجاب حکومت کوآٹابرآمد کرنے والی فلورملزکوبنک گارنٹی واپس کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ایکسپورٹرزکے کام میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کاروباری طبقے کو سہولیات دی جائیں نا کہ مشکلات پیدا کی جائیں، تجارتی حجم کم ہونا ملکی معیشت کیلیے نقصان دہ ہے،برآمدات متاثرہونے سے ملکی تجارتی حجم کم ہوگا۔
فلورملزکے وکیل نے کہا کہ بنک گارنٹی ڈالر میں جمع کرائی گئی جس کی مقامی کرنسی میں تبدیلی کی تصدیق اسٹیٹ بینک نے بھی کی۔ ڈائریکٹرفوڈپنجاب نے موقف اختیارکیا کہ فلورملزمحکمہ خوراک کومطمئن نہ کر سکیں۔
جسٹس فائزعیسی نے کہا کہ آپ نے اپنے اطمینان کیلیے کونسے دستاویزات مانگے تھے جو نہیں ملے؟، آپ پتا نہیں کس طرح کا اطمینان چاہتے ہیں۔
جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں کاروباری طبقے کو سہولیات دی جائیں گی، دوسری طرف کاروباری افراد کیلیے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔