جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے آزادی مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی حکومتی اپیل مسترد کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم نےکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 27 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے، وزیر خارجہ کو 27اکتوبر کی تاریخ پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں جے یو آئی ف کے رہنما نے کہا کہ شیخ رشید ہر دور میں پارٹیاں بدلتے ہیں ان کی بات پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے،اسلام آباد میں فقید المثال دھرنا ہوگا اورجو جماعتیں ہمارا ساتھ نہیں دیں گی عوامی نفرت کا رخ ان کی طرف ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن سے اپیل کی تھی کہ وہ اعلان کردہ احتجاج کی تاریخ پر نظرثانی کریں۔انہوں نے یاد دلایا کہ 27 اکتوبر کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر پرناجائز اور غیرقانونی قبضہ کیا تھا۔