وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ صبر نہیں کرتے اور13 ماہ میں کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں احساس سیلانی لنگراسکیم کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام کے تحت ناداراور ضرورت مند افراد کو مفت کھانے کی سہولت مہیا کی جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کا غربت میں کمی کا سب سے بڑا پروگرام ہے جسے چھوٹے شہروں تک بھی پہنچائیں گے، مشکل وقت میں پوری کوشش کریں گے کہ کوئی بھوکا نہ رہے، لوگ بھوکے سوتے ہیں تو ریاست میں بے برکتی ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شروع میں ریاست مدینہ کے بھی مشکل حالات تھے،تبدیلی آہستہ آہستہ آتی ہے۔ حکومت کاروباری، صنعتی اور امیر طبقے کی مدد کر رہی ہے، ان سے ٹیکس اکٹھا کرکے غریبوں پر خرچ کریں گے
وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں سے صبر نہیں ہوتا اور کہتے ہیں 13 ماہ ہوگئے کہاں ہے نیا پاکستان۔جب تک ہم خود اپنے آپ کو نہیں بدلیں گے خدا بھی ہماری مدد نہیں کرے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست پہلے دن نہیں بن گئی تھی بلکہ رسول ﷺ نے جدوجہد کی تھی جس کے نتیجے میں آہستہ آہستہ لوگ تبدیل ہوئے، پاکستان بھی بدلے گا لیکن تبدیلی آہستہ آہستہ آئے گی جب ذہن بدلیں گے، تبدیلی اس وقت آئے گی جب ہم کمزور طبقے کی مدد کریں گے، پولیس کا نظام تبدیل کررہے ہیں تاکہ تھانوں میں ظلم نہ ہو۔