چوہدری نثار پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 10 راولپنڈی سے کامیاب ہوئے تھے۔فائل فوٹو
چوہدری نثار پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 10 راولپنڈی سے کامیاب ہوئے تھے۔فائل فوٹو

لولی پاپ دینے سے حکومتیں نہیں چلتیں۔چوہدری نثار

سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ کپتان کے اہل ہونے سے ٹیمیں نہیں جیتا کرتیں، اچھے کھلاڑی بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت معاشی پالسیوں میں مکمل طورپر ناکام نظرآتی ہے،ان پالسیوں کا بوجھ پاکستان کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ صرف لولی پاپ دینے اور نعروں پر حکومتیں نہیں چلتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خاموشی ہزار نعمت ہے، دلیل کی جب کوئی وقعت نہ ہو تو خاموشی بہتر ہے۔ آج قومی سیاست میں ایک طوفان بدتمیزی برپا ہے۔ جو شخص اپنے اصولوں پر قائم نہیں، وہ سیاست دان نہیں کہلاتا۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ مودی سے خیرکی توقع نہ رکھی جائے۔ جنہوں نے مودی سے خیر کی توقع رکھی، آج عوام ان سے جواب لیں۔ مودی کا ایجنڈا اسلام دشمنی پر مبنی ہے۔ کوئی اسلام دشمن کیسے پاکستان سے دوستی بڑھا سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ چاہے فائدہ ہو یا نقصان، میں اپنے بیانیے پر قائم ہوں۔ یہ حکومت لوکل باڈیز الیکشن نہیں کروائے گی۔ حالات آج اس حد تک بگڑ چکے ہیں کہ حکومت کسی کو بھی مل جائے، وہ سنبھال نہیں پائے گا۔