ملک بھرکی تاجر برادری شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کرے گی۔فائل فوٹو
ملک بھرکی تاجر برادری شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کرے گی۔فائل فوٹو

شناختی کارڈ کی شرط نہیں مانتے۔تاجروں کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان

وفاقی دارالحکومت کے ریڈزون میں داخلے کی کوشش پرپولیس نے تاجروں پرلاٹھی چارج کیا جس کے جواب میں مظاہرین نے اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیا جب کہ ایف بی آر حکام سے مذاکرات ناکام ہونے پرانجمن تاجران پاکستان نے 28 اور 29 اکتوبرکو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر سےآنے والے تاجروں کی  بڑی تعداد ریلی کی صورت میں آبپارہ چوک سے سیرینا چوک پہنچی تو پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا، مظاہرین نے خاردار تاریں اور تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے جب کہ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا جس کے جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا، صورتحال مزید بگڑنی پر پولیس کی اضافی نفری کو بھی طلب کرلیا گیا۔

تاجر نادرا چوک پر دھرنا دے کر بیٹھ  گئے جس کے بعد ایف بی آر کی ٹیم اور تاجر عہدیداروں کے درمیان مذاکرات ہوئے جو ایک گھنٹہ جاری رہنے کے باوجود بے نتیجہ ثابت ہوئے۔

مذاکرات ناکام ہونے کے بعد تاجر نمائندہ وفد دھرنے میں لوٹ آیا اور آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قیادت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط کو نہیں مانتےاورحکومت جو مرضی کر لے ہم شناختی کارڈ نہیں دیں گے، 28 اور 29 اکتوبرکو پورے ملک میں شٹرڈاوٴن کیا جائے گا جب کہ 15 اکتوبر سے روزانہ ایک گھنٹے کی ہڑتال کی جائے گی۔