احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے
احتساب عدالت میں ایل این جی کیس کی سماعت ہوئی جس دوران شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے۔
شاہد خاقان عباسی نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال سے کیس چل رہاہے اور نیب ریفرنس نہیں بنا سکا ہے ، نیب کو سمجھ نہیں آ رہی کہ کیا کیس بنایا جائے، جیل میں ساتھیوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا ،عدالت وکلاسے مشاورت اور ملاقات کی اجازت دے ۔
احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جیل حکام سے پوچھیں گے ملزمان کی ملاقات کیسے ممکن ہے ۔
جج محمد بشیر نے شاہد خاقان سے استفسار کیا کہ آپ سب کا وکیل مشترکہ نہیں ہو سکتا ؟ جس پر شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل نے جواب دیا کہ ہم سب کے الگ الگ وکیل ہیں ، عدالت نے ایل این جی کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔