وزیراعظم آفس کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف انسانی زنجیر بنائی گئی۔فائل فوٹو
وزیراعظم آفس کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف انسانی زنجیر بنائی گئی۔فائل فوٹو

عالمی برادری کیلیے انسانوں سے زیادہ پیسہ اہم ہے۔وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کی تحریک سمندر بن جائے گی اور کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نظر آرہا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم آفس کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف انسانی زنجیر بنائی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ انسانوں کو 2 ماہ سے زائد عرصے سے بند کیا ہوا ہے، عورتیں، بچے اور بیمار سمیت سب بند ہیں، عالمی میڈیا ہانگ کانگ میں احتجاج کو نمایاں کرکے دکھاتا ہے لیکن کشمیر کی کوریج نہ ہونے کے برابر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی میڈیا کا مقبوضہ کشمیر پر دہرا معیار ہے، اتنے بڑے ظلم پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، دنیا بھارت کو تجارت کی نظر سے دیکھتی ہے،عالمی برادری اور ملکوں کے لیے انسانوں سے زیادہ پیسہ اہم ہے، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے حقوق کے لیے پوری کوشش کرتے رہیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کی تحریک سمندر بن جائے گی، عالمی رہنماؤں کو پہلے مسئلہ کشمیر نہیں معلوم تھا لیکن اب سمجھ آنا شروع ہوگیا ہے، میں نے ان سے ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے، کبھی امریکی سینیٹرز نے اس طرح کا بیان نہ دیا جواب دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مودی نے بڑی حماقت کی اورآخری پتہ کھیل دیا، کشمیریوں کا موت کا خوف ختم ہوگیا، کرفیو اٹھنے کے بعد لاکھوں کشمیری باہر نکلیں گے، جو راستہ مجھے نظر آ رہا ہے وہ کشمیریوں کی آزادی کا ہے۔