برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کے اعزاز میں دیا گیا عشائیہ بد نظمی کا شکار ہوگیا، ہائی کمیشن کے حکام نے عشائیے میں شرکت کرنے والے وفاقی وزرا کو سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر شاہی جوڑے سے ملنے نہیں دیا ،حکومت نے تقریب میں ہونے والی بد نظمی کا معاملہ برطانی ہائی کمشنر کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا تھا جس میں پاکستان کی سیاسی ، سماجی اور حکومتی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
بر طانوی ہائی کمیشن کے جاری دعوت نامہ میں یہ ہدایات دی گئی تھیں کہ 6بجے سے پہلے آپ نے ہر صورت شکر پڑیاں عشائیہ میں شر کت کیلیے پہنچنا ہے اس کے بعد تقریب میں شر کت کی اجازت نہیں ہوگی۔
دعوت نامے پر ہدایات کی وجہ سے وزرا سمیت تحریک انصاف کی دیگر شخصیات تقریب میں پہنچ گئیں لیکن وہاں بیٹھنے کیلیے انتظامات بھی نہیں کیے گئے تھے جس کے باعث متعدد مہمان تقریب چھوڑ کر واپس چلے گئے۔
دوسری جانب سiکیورٹی وجوہات کا بہانہ بناتے ہوئے وفاقی وزراسمیت دیگر کو وہاں بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی جہاں شہزاد ولیم اورکیٹ میڈ لٹن عام لوگوں سے مل رہے تھے ۔
حکومتی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) عجاز شاہ، وزیر ترقی و منصوبہ بندی خسر وبختیار ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان اور نعیم الحق سمیت دیگر شامل تھے۔
برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے ناروا سلوک پر حکومتی وفد نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ بر طانوی سفیر کے ساتھ بھی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔