وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے جائزمطالبات ماننے کو تیار ہیں،علمامعاملے کو سلجھانے میں اہم کرداراداکریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت علمامشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا،جس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فضل الرحمن کے جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں،علماءمعاملے کو سلجھانے میں اہم کردار اداکریں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومتوں میں دھرنے اور احتجاج ہوتے رہتے ہیں ،حکومت کو آزادی مارچ کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں۔
انہوں نے شرکاکو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ کون مسلمان ہے جو ختم نبوت کا پہریدار نہیں؟ دینی مدارس کے طلبا کو بہکایا جا رہاہے،ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ دینی مدارس کے بچوں کو حکومتی سرپرستی فراہم کریں۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شرکا کو سعودی عرب ، ایران مصالحتی کردار پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ علما اتحاد اور یگانگت کا پیغام عام کریں، اس وقت پوری قوم کواتحاد کی ضرورت ہے ، دینی مدارس میں انقلابی ریفارمز لے کر آ رہے ہیں، پورے ملک میں بہت جلد یکساں نظام تعلیم نافذ کر دیا جائے گا۔انہوں نے علما سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی درخواست کی۔
علما نے کہاکہ حکومت کا رویہ غیر لچک دار نہیں۔علماکی جانب سے وزیراعظم عمران خان کومکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔