ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم اتوارکوعقیدت و احترام سے منایا گیا۔
کراچی میں چہلم کے سلسلے میں ایک جلوس مارٹن روڈ شاہ نجف سے بھی برآمد ہوا یہ جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا نشترپارک کے مرکزی جلوس میں شامل ہوگیا،جلوس کے شرکانے ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین ادا کی۔
انتظامیہ نے چہلم شہدا کربلا کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے اور شہر کے تمام حساس مقامات خصوصاً گرومندر سے کھارادر تک پولیس و رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات تھی۔
ملک بھر میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کے چہلم پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
کوئٹہ میں شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس علمدار روڈ اور دوسرا جلوس ہزارہ ٹاؤن میں نکالا گیا تاہم جلوس کےراستے عام آمد و رفت کے لیے بند رہے۔
ملتان میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر 9 ماتمی جلوس برآمد ہوئے جب کہ مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ جوادیہ النگ کے علاقہ سے برآمد ہو گا، اس کی سیکیورٹی پر 1620 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ۔
اسلام آباد میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہوا۔
چہلم کے موقع پر سخت سیکیورٹی کے تحت دفعہ 144 نافذ کی گئی جب کہ مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔ اس کے علاوہ جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل سروس جزوی طور پر بند رکھی گئی۔