خیبرپختونخوا حکومت نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو روکنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے جس کے تحت 30 اکتوبر سے موٹروے اور جی ٹی روڈ کو بند کردیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو روکنے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت مظاہرین کو بڑا ہجوم بننے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، اس کے لیے مارچ کے شرکا کو شہرکی سطح پر روکا جائے گا جب کہ سیکورٹی اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،30 اکتوبر سے موٹروے اور جی ٹی روڈ بند کردیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن مولانا اپنا ایجنڈا تو بتائیں، کشمیر، مہنگائی اور حلقے کھولنے کے معاملے پر بات ہوسکتی ہے لیکن مولانا فضل الرحمن کا ایجنڈا کچھ اور ہے، ہم انہیں لاشیں گرانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کو سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اگر پرامن طور پر مارچ کیا جاتا ہے تو حکومت رکاوٹ نہیں ڈالے گی لیکن اگر زبردستی کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا، اپوزیشن جماعتیں مولانا کے ہاتھ میں نہ کھیلیں، جتھوں سے حکومت ختم نہیں کی جاسکتی۔