آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عدالت نے خورشید شاہ کے ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا۔
آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکوٹرنے اب تک نیب کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات سے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کے فرنٹ مین اکرم خان کے اکاؤنٹ سے پچیس لاکھ روپے خورشید شاہ کے دواکاؤنٹ میں منتقل ہوئے۔
نیب پراسیکوٹرنے کہا خورشید شاہ کے بیٹے ایم پی اے فرخ شاہ بھی اب تک نیب آفس میں پیش نہیں ہوئے، پہلاج مل خورشید شاہ کا بزنس پارٹنر ہے، خورشید شاہ نیب سے مکمل تعاون نہیں کررہے، خورشید شاہ کے خاندان کے مطلوب افراد بھی نیب سے تعاون نہیں کررہے۔
نیب پراسیکوٹر نیب عدالت میں بزنس پارٹنر کے کاغذات پیش کردیے اورکہا کہ تحقیقات جاری ہیں لیکن مزید 15 دن کا ریمانڈ دیا جائے، جس پرعدالت نے نیب پراسیکوٹرکی استدعا پرریمانڈ میں توسیع کردی اور 15 روزکے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ خورشید شاہ کو دوبارہ چار نومبر کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
سماعت سے قبل عدالت کے حکم پرڈاکٹرز کی ٹیم نے خورشید شاہ کا میڈیکل چیک اپ کیا، میڈیکل رپورٹ میں خورشید شاہ کی مجموعی حالت تسلی بخش قراردی گئی ہے۔