حکام نے غیر ملکی سفیروں کو ایل او سی پر بریفنگ دی اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔فوٹو میڈیا
حکام نے غیر ملکی سفیروں کو ایل او سی پر بریفنگ دی اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔فوٹو میڈیا

غیر ملکی سفیروں کا لائن آف کنٹرول کا دورہ

پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جبکہ بھارتی نمائندوں نے اپنے جھوٹ کا پردہ چاک ہونے کے ڈر سے اس دورے میں شرکت نہیں کی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے اس دورے کا اہتمام کیا گیا تاکہ آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے اڈے تباہ کرنے کے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کیا جاسکے۔ حکام نے غیر ملکی سفیروں کو ایل او سی پر بریفنگ دی اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔

دفتر خارجہ کے حکام نے بتایا کہ بھارت مسلسل ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتا رہتا ہے اور نہتے شہریوں کو گولہ باری میں نشانہ بناتا ہے۔

دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کا یہ دعویٰ مسترد کردیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کے 3 لانچنگ پیڈز کو تباہ کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے غیر ملکی سفرا کو تمام علاقے کا دورہ کرایا اور دکھایا کہ بھارتی فائرنگ سے آزاد کشمیر میں عام شہریوں کے گھروں اور بازاروں کو کتنا شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

اس دورے میں مدعو کیے جانے کے باوجود بھارتی سفرا نے شرکت نہیں کی۔ دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سمیت تمام سفارتکاروں کوجائےوقوعہ کےدورےکی دعوت دی لیکن ترجمان دفتر خارجہ کی بار بار پیشکش پر بھی بھارتی سفارتی عملہ خاموش رہا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل رات بھر بھارتی ہائی کمیشن کے جواب کے منتظر رہے لیکن کوئی جواب نہ آیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا دعوی محض دعوی ہی رہا، بھارتی ہائی کمیشن سے کوئی اہلکار ایل او سی جانے کیلیے نہیں پہنچا، بھارت کی جانب سے مبینہ لانچ پیڈ ز کا محل وقوع بھی فراہم نہیں کیا۔