طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ایکسرے کیے گئے۔فائل فوٹو
طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ایکسرے کیے گئے۔فائل فوٹو

حکومتی وزرا اور مشیر بیماری کا مذاق اڑا رہے ہیں۔شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کی بیماریوں اور رنج کا مذاق اڑانے والے نہ بھولیں کہ وقت بدل جاتا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراورقائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صحت پر قوم سمیت ہم سب سخت فکر مند ہیں، پارٹی قائد کی صحت میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، نوازشریف کے مقدمے کی آج سماعت ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے اورعدلیہ سے انصاف کی امید کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کے دل میں ذرا بھی شرافت ہوئی توآج عدالت کو نوازشریف کی صحت کو لاحق خطرات سے آگاہ کرے گی، سیاسی مخالفت رہتی ہے لیکن کسی کے زندہ رہنے کے حق سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا قانونی حق ہے کہ انہیں بہترین علاج میسرآئے، نوازشریف کی صحت سے متعلق کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

ان کا کہناتھا کہ حکومتی وزرا اور مشیروں کا انداز بیان انتہائی نامناسب اورقوم کے دل زخمی کررہا ہے،عمران خان اپنے وزیروں، مشیروں کو بتائیں کہ تلوارکا زخم بھر جاتا ہے لیکن زبان کا زخم نہیں بھرتا، سیاسی مخالفین کی بیماریوں اور رنج کا مذاق اڑانے والے نہ بھولیں، وقت بدل جاتا ہے۔