ریفرنس دائر ہونے تک عدالت کے سامنے کوئی کارروائی زیر سماعت نہیں۔فائل فوٹو
ریفرنس دائر ہونے تک عدالت کے سامنے کوئی کارروائی زیر سماعت نہیں۔فائل فوٹو

لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کی ضمانت منظورکرلی

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی چوہدری شوگرملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرلی،عدالت نے ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو کہ سنا دیا گیاہے جس کے مطابق نوازشریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت منظورکرلی گئی ہے تاہم اس موقع پرنیب کی جانب سے ضمانت کی مخالفت نہیں کی گئی۔

نوازشریف کی سزا معطلی درخواست کی سماعت منگل تک ملتوی

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نوازشریف کی فوری رہائی ممکن نہیں کیونکہ نوازشریف کو احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی ہے جس کے خلاف  اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست زیر سماعت ہے جس پر سماعت منگل کے روز ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کے علاج کے لیے ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی ،جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ شہباز شریف کی درخواست پرکیس کی سماعت کی،جسٹس علی باقرنجفی نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسارکیا کہ آپ کیا کہتے ہیں، جس پرنیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق عدالت کی معاونت کریں گے۔

عدالت نے میڈیکل بورڈ ارکان کی رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا،نواز شریف کا علاج کرنیوالی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے،ڈاکٹرمحمودایاز نے میڈیکل بورڈ بنانے کا نوٹیفکیشن پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ہم ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے کہ نواز شریف کواس وقت کیابیماری ہے۔

ڈاکٹر محمود ایا زمیڈیکل بورڈ نوازشریف کے خون کے نمونوں کا تجزیہ کرچکا ہے،نواز شریف کو ڈینگی بخار نہیں،نواز شریف کے گردے بھی خراب ہیں،دو مرتبہ دل کا آپریشن بھی ہوچکا ہے،نوازشریف کو شوگر اور ہائی بلڈ پریشر بھی ہے، نواز شریف کا 5 کلو وزن کم ہوا ہے۔

نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد بہت کم ہے،روزانہ پلیٹ لیٹس بنتے اور کم ہوتے ہیں،لاہور میں ان کے علاج کی تمام سہولیات موجود ہیں، نوازشریف کا علاج موجود ہے لیکن اچھے نتائج نہیں مل رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کر دی۔

12بجے کے بعد عدالتی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی ،سربراہ میڈیکل بورڈڈاکٹر محمود ایاز نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی،ڈاکٹر محمود ایاز نے نواز شریف کی مکمل میڈیکل ہسٹری عدالت کو پڑھ کر سنائی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ڈاکٹر محمود ایاز سے استفسار کیا کہ آپ نواز شریف کے اسپتال میں علاج کے بارے کیا کہتے ہیں؟سربراہ میڈیکل بورڈ نے عدالت کو بتایا کہ پہلے 6 رکنی میڈیکل بورڈ تھا اس کے بعد 9 اوراب 10 رکنی بورڈ علاج کررہا ہے،نواز شریف کی بیماری کی ابھی مکمل تشخیص نہیں ہوئی،گزشتہ رات نوازشریف کوسینے اوربازوئوں میں بھی تکلیف ہوئی،نواز شریف تب سفرکر سکتے ہیں جب ان کے پلیٹ لیٹس 50ہزار ہوں گے۔

جج نے نیب وکیل سے استفسار کیا کہ کیا نیب اس درخواست ضمانت کی مخالفت کرتا ہے؟وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگرنواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن ہے توادھر ہی علاج ہونا چاہیے،اگر نواز شریف کی صحت خطرے میں ہے تو ہمارے پاس کوئی اورآپشن نہیں ۔

ادھرلاہورہائیکورٹ میں مریم نواز کی فوری رہائی کیلیے دائر درخواست پرسماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے درخواست ضمانت پر جواب جمع کروا دیا اورکہا مریم نوازنے والد کی بیماری کو جواز بنا کر درخواست دائرکی، مریم نواز کی درخواست ضمانت قابل سماعت نہیں،عدالت مریم نوازکی درخواست ضمانت خارج کرے۔

عدالت نے مریم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت پیرتک ملتوی کردی۔