وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہے،عدالتی فیصلے کی روشنی میں آزادی مارچ کو ڈی چوک تک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کی مذاکراتی کمیٹی اوراپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان آزادی مارچ کے حوالے سے مذاکرات ہورہے ہیں۔ اس حوالے سے پرویز خٹک نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن عدالتی فیصلوں کی روشنی میں مارچ کو ڈی چوک تک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے اور عدالتی فیصلوں سے انحراف نہیں کرسکتے
وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے بات چیت کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہے۔