وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں کشمیر فریڈم ٹری لگایا۔
وزیراعظم کی جانب سے پودا لگانے کے بعد ملکی ترقی اور کشمیر کی آزادی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
پودا لگاتے وقت وزیراعظم کے ہمراہ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، حریت رہنماؤں نے کشمیر کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اُجاگر کریں گے۔