مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کی موجودہ صحت کی ذمے داری عمران خان پر ہے، عمران خان نے اعلان کیا تھاکہ نواز شریف سے سہولیات واپس لیتا ہوں۔
سیکریٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے اسلام آبادہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن رہنماؤں کی کردار کشی کر رہے ہیں،ایک شخص کہہ رہا ہے کہ میں این آراو نہیں دوں گا،این آر او کون مانگ رہا ہے؟ وہ تاثر دے رہاہے عدالتیں اس کے کہنے پرفیصلہ کررہی ہیں،چیف جسٹس نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی صحت تقاضا کرتی ہے کہ ان پر توجہ دی جائے، ضمانت سے حراست کا ماحول بھی ختم ہوگا،نوازشریف کی موجودہ صحت کی ذمہ داری عمران خان پر ہے، عمران خان نے امریکا میں اعلان کیا کہ میں نوازشریف سے سہولیات واپس لیتا ہوں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف کے ذاتی معالج اور بیٹی احتجاج کرتے رہے،سپریم کورٹ کا بھی دروازہ کھٹکھٹایا،اس وقت ضمانت کی درخواست منظور نہیں ہوئی،یہ اس انتقام کا ثبوت ہے جوعمران نیازی نے ایٹمی ملک بنانے والے سے لیا،آج بھی عمران نیازی کی آنکھوں سے نفرت کے شعلے نکل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن اورمریم نوازکے رابطے سے متعلق علم نہیں۔