پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ڈاکٹرزکی ہڑتال جاری ہے۔فائل فوٹو
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ڈاکٹرزکی ہڑتال جاری ہے۔فائل فوٹو

ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری۔پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مریض رل گئے

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ڈاکٹرزکی ہڑتال جاری ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پنجاب میں ایم ٹی ایکٹ کے خلاف ڈاکٹرزکی ہڑتال کے باعث او پی ڈیز میں کام ٹھپ ہوگیا ہے جب کہ مریضوں اوران کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں بھی ڈاکٹرزکی ہڑتال نے مشکلات پیدا کردی ہیں۔

پشاور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر صوبے بھر کے اسپتالوں میں 36 ویں روز بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری ہے جس کے باعث اسپتالوں میں اوپی ڈیزوالیکٹو سروسز بند ہیں جب کہ پولیو مہم کا بائیکاٹ بھی جاری ہے، لکی مروت اور چارسدہ سے بھی مزید ڈاکٹروں نے پولیو کے خاتمے کی کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے استعفے دے دیے ہیں۔

فیصل آباد میں بھی ڈاکٹرز، نرسزاور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیچنگ اسپتالوں میں ہڑتال 20 ویں روز بھی جاری ہے،آؤٹ ڈور وارڈز، آپریشن تھیٹرز، لیبارٹریزاوران ڈور وارڈ میں مکمل ہڑتال ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں ایم ٹی آئی کے خلاف ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع وائے ڈی اے کے مطابق صوبائی وزیر صحت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جب کہ ہڑتالی ڈاکٹرز اور نرسز کو برطرف کرنے کے لیے فہرستیں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔