پشاور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام ف کے گرفتار رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کی ضمانت منظورکرلی۔ضمانت کی منظوری کے بعد مفتی کفایت اللّٰہ کی جلد رہائی کا امکان ہے۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کو26 اور 27 اکتوبرکے درمیانی شب گرفتارکیا گیا تھا جس کے اگلے روز جے یو آئی ف نے کراچی سے مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں آزادی مارچ شروع کیا۔
ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات جے یو آئی ف اسلم غوری نے بتایا تھا کہ مفتی کفایت اللّٰہ کی گرفتاری اسلام آباد کے سیکٹرای الیون سے عمل میں آئی۔
ڈی آئی جی آپریشنزاسلام آباد کی جانب سے اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں مفتی کفایت اللّٰہ کی گرفتاری کی سختی سے تردید کی گئی تھی۔
اس کے ساتھ ہی یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ مفتی کفایت اللّٰہ کو مانسہرہ پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت اسلام آباد سے گرفتارکرکے ہری پورجیل منتقل کیا تھا۔