اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی آج جلسہ ملتوی کرنے کے ن لیگ کے بیان سے ناراض ہوگئے اورآج ہی اسلام آباد میں جلسہ کرکے واپس جانے کا اعلان کر دیا۔
اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہاہے کہ جو فیصلہ ایک بار ہوجائے ، وہ تبدیل نہیں ہوتا ، ہم اسلام آباد پہنچ گئے ہیں اور آج ہی جلسہ کریں گے ، رہبر کمیٹی کے فیصلے میں تبدیلی سے ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا ، جلسہ ہوگا ، تقریریں ہونگی اور ہم چلے جائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اسفند یار ولی نے کہا کہ اے این پی اسلام آباد پہنچ گئی ہے اور ہم نے آج اپنا جلسہ کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا رہبر کمیٹی سے رابطہ نہیں ہوا، رہبر کمیٹی کے فیصلے میں تبدیلی کی اطلاع نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر حال میں جلسہ کریں گے ، جلسے کا یہ پروگرام ہم کو رہبر کمیٹی نے پہلے سے دیا تھا ۔جلسے جلوس میں کوئی آگے آتاہے اور کوئی پیچھے آتا ہے ۔ یہ کوئی بڑی بات نہیں ۔
اسفند یار ولی کا کہناتھاکہ ہم یہاں آگئے ہیں ، جلسہ ہوگا ، تقریریں ہونگی اور ہم چلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریکوں میں جلسے جلوس آگے پیچھے ہوتے رہتے ہیں ، اللہ کا کرم ہے ، ہمارے پاس کافی بندے ہیں، ہم اپنا جلسہ کرلیں گے ۔
ٹرین میں آتشزدگی سے متعلق انہوں نے کہا کہ جو شخص ریلوے کا وزیر ہے جب سے یہ وزیر بناہے ، ریلوے پٹری پر نہیں رہی ۔ شیخ رشید ریلوے پر توجہ نہیں دیتے بلکہ اپوزیشن کو گالیاں دینے پر توجہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی پتہ چلاہے کہ ریلوے حادثے میں 74افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔