پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عوام سلیکٹڈ وزیر اعظم کوماننے کیلیے تیار نہیں ،عوام کسی کٹھ پتلی کے آگے سر جھکانے کیلیے تیار نہیں، آزادی مارچ کے شرکاکی جدوجہد کامیاب ہوگی ۔
اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے آزادی مارچ کے تمام شرکاکو سلام پیش کرتا ہوں۔
نہوں نے کہا کہ عوام سلیکٹڈ وزیر اعظم کوماننے کیلئے تیار نہیں،عوام کسی کٹھ پتلی کے آگے سر جھکانے کیلیے تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ متفقہ طور پر حکومت کو گھر جانے کا پیغام دے رہاہے ۔اس ملک کے بہادر اور غیرت مند عوام آج بھی کسی سلیکٹڈ وزیر اعظم کو ماننے کیلیے تیار نہیں،عوام نہ ہی کسی کٹھ پتلی کومانتے ہیں اور نہ ہی کسی آمر کے سامنے اپنا سرجھکانے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کے عوام جمہوریت چاہتے ہیں اور ان کٹھ پتلیوں سے آزادی چاہتے ہیں ۔شہید ذوالفقار علی بھٹونے کسی آمر کے سامنے جھکنے کی بجائے اپنا سرکٹا لیا تھا ، ہم چاہتے ہیںکہ اس ملک میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہوں، ہماری قیادت جمہوریت کا پرچم تھام کر دو ڈکٹیٹروں کے ساتھ ٹکرائی تھی ، آج آپ کے اور ہمارے جمہوری حقوق چھینے جارہے ہیں،الیکشن میں سلیکشن کراکے دھاندلی کروا دی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم معیشت پر حملہ کرتا آرہاہے ، جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے ، عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے ، کٹھ پتلی حکومتیں کسی اور کے ووٹ سے اقتدار میں آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کی جمہوریت ، وفاق اورمعیشت پر حملہ کیا گیاہے ، کٹھ پتلی حکومتیں عوام کا خیال نہیں رکھتیں ، پینشنز میں اضافہ نہ کرکے بزرگوں کا معاشی قتل کیاجارہاہے ۔ملک میں ٹیکسوں کا بوجھ اور مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیاگیاہے ، عام آدمی ، تاجروں ، کسانوں اور دیگر طبقات کا معاشی قتل کیاجارہاہے ۔
بلاول کا کہناتھا کہ ٹیکسز کی وجہ سے تاجروں کا معاشی قتل ہورہا ہے ، اس ملک میں اب وقت آگیاہے کہ وزیراعظم کوجانا پڑے گا اورعوام کا نعرہ ہے کہ گو سلیکٹڈ گو، میں آزادی مارچ کے شرکااور قائدین کا شکر گزار ہوں ۔ آپ کی جدوجہد کامیاب ہوگی اور سلیکٹڈ وزیراعظم کوگھرجانا پڑے گا ۔