سانحہ تیز گام کی پاکستان ریلوے پولیس نے ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی ہے ۔ٹرین گارڈ محمد سعید کی مدعیت میں مقدمہ کا اندراج نا معلوم افراد کے خلاف کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سانحہ لیاقت پور ٹرین حادثے کا مقدمہ نمبر 19 /46 کا اندراج تھانہ ریلوے پولیس خان پور ملتان ڈویژن میں کیا گیا۔
مقدمے کا اندراج زیر دفعہ 126 ریلوے ایکٹ اور 436,427 تعزیزات پاکستان کے تحت کیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ کی بنیادی وجہ گیس سلنڈر کا پھٹنا قرار دیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایات پر آئی جی ریلوے پولیس واجد ضیا نے تحقیقات کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
یاد رہے کہ لیاقت پور کے قریب پیش آنے والے اس افسوسناک واقعہ میں 75 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔