وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے اورامن و امان برقراررکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس، رینجرنے فلیگ مارچ کیا۔
سٹی زون کے سب ڈویثرنل پولیس افسران ، سٹی زون کے تھانہ جات کے ایس ایچ اوز، اسلام آ باد ٹریفک پولیس کے افسران و جوانوں کے علا وہ ، کما نڈوز،ریسکیو 15، برائیو گاڑیاں اور پٹرولنگ افسران وجوانوں اورفائر بریگیڈ نے شرکت کی ۔
ذرائع کے مطابق زیرو پوائنٹ پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، تمام نفری کو آنسوگیس کے شیل اور دیگر سامان فراہم کردیاگیا جبکہ دوسرے صوبوں سے مزید پولیس کی نفری بھی اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے اہم مقامات کی طرف جانے والی سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کردی گئی ہیں۔
سرینا چوک سے ریڈ زون کا داخلہ منقطع ہے جبکہ سیکریٹریٹ کاعلاقہ بھی سیل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میریٹ ہوٹل سے پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوان صدر جانے والے راستے بھی بند ہیں۔
فیض آباد پر مری روڈ کی 4 میں سے صرف ایک لین ٹریفک کے لیے کھلی ہے جس کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں۔
دوسری طرف اپنے بیان میں انسپکٹر جنرل آ ف پولیس اسلام آ باد محمد عامرذوالفقار خان نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد لااینڈ آرڈر کی کسی بھی ممکنہ صورتحال کےپیش نظرکیاجارہاہے،اسلام آباد پولیس ہرقسم کے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے تیار ہے۔
انہوں نے کہاکہ مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے،پولیس ہائی الرٹ ہے اور افسران و جوانوں کا مورال بلند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگزاجازت نہیں دی جائے گی۔