اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کے رکن اورجے یوآئی (ف) کے رہنما اکرم درانی نے آزادی مارچ کے بعد پورا ملک جام کرنے اورجیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کے کنوینراورجے یو آئی (ف)کے رہنما اکرم درانی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور2 رہائشی منصوبوں میں تحقیقات پرگرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اکرم درانی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا 500 لوگ کہیں تو استعفیٰ دے دوں گا، ہم اس الیکشن میں 9 اپوزیشن جماعتوں کے 4 کروڑ 72 لاکھ لوگ سامنے لے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو، شہبازشریف اور دیگر جماعتوں کے قائدین اپنے ووٹرزکی نمائندگی کرتے ہیں، شہبازشریف اوربلاول بھٹو دونوں کی مجبوریاں تھیں جس وجہ سے وہ نہیں آئے۔
اکرم درانی کا کہنا تھا کہ ہمارا دھرنا عمران خان کے خلاف ہے، ہم جمہوری لوگ ہیں، احتجاج کے دوران ایک گملا یا پتہ نہیں ٹوٹا، آزادی مارچ کے بعد ہائی ویز،اضلاع اور ملک کو بند کردیں گے اورجیل بھرو تحریک بھی شروع کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری اپوزیشن آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی، لوگوں کے اتنے بڑے مجمع پر طاقت کے استعمال کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔