الیکشن کمیشن آف پاکستان نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کو نوٹس جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں وضاحت مانگی گئی ہے کہ پی ٹی آئی بتائے کہ اس کا غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے قائم اسکروٹنی کمیٹی کا بائیکاٹ مستقل ہے یا صرف 23 اکتوبر کے لیے تھا۔
تحریک انصاف کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی میں شرکت کرے گی تو کمیٹی کو آگاہ کرے، اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس 12 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اگر بائیکاٹ مستقل ہے تو کمیٹی اپنی کارروائی جاری رکھے اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں رپورٹ مرتب کرے۔
واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے قائم اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس سے پی ٹی آئی کے وکلاء نے خود کو الگ کر لیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبرایس بابرنے سیاسی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پرالیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے درخواست دائر کررکھی ہے۔
گذشتہ ماہ 10 اکتوبرکوالیکشن کمیشن نے غیرملکی فنڈزکی تحقیقات کے لیے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دائرکی گئی چار درخواستوں کو مسترد کردیا تھا۔