پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا موقف واضح ہے کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی ،جب آصف علی زرداری یہ بات کرتے تھے تو حکومت یہ بات نہیں مانتی تھی لیکن ایک سال بعد اب پورا ملک یہ بات مان گیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں اور بزنس کمیونٹی کی آرمی چیف سے ملاقات میں بھی یہ بات ہوئی کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی ۔
اوچ شریف میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں تاجروں سے ضرور ٹیکس لیا جائے لیکن انہیں تنگ نہ کیا جائے لیکن حکومت تاجروں ،کسانوں اور مزدوروں سے چوروں جیسا سلوک کر رہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام دشمن حکومت نے آئی ایم یف کا بجٹ منظور کیا جو کہ عوام کے مفاد میں نہیں ،اس بجٹ نے ہر طبقے کا جینا مشکل کردیا،آ ج ہماری معیشت بھی آزاد نہیں ،ہمارے وزیر خزانہ ،اسٹیٹ بینک کے سربراہ اور ایف بی آر کے سربراہ کو آئی ایم ایف کی مرضی سے لگایا گیا۔