چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد مریم نوازکا پاسپورٹ اور7 کروڑ روپے زر ضمانت عدالت میں جمع کرادیےگئے۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز مریم نواز کی درخواست ضمانت منظورکرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے 2 ضانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا جب کہ مریم نواز کو ڈپٹی رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کو پاسپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی تھی۔
منگل کے روزمریم نوازکا پاسپورٹ اور7 کروڑ روپے زر ضمانت عدالت میں جمع کرادیے گئے، مریم نواز کا پاسپورٹ بذریعہ درخواست لاہور ہائیکورٹ کی جوڈیشل برانچ میں جمع کرایا گیا ہے۔
مریم نوازکے وکلا نے ان کا کا پاسپورٹ جمع کروایا اور کیپٹن صفدرنے خود زر ضمانت کی رقم جمع کروائی۔لاہور ہائیکورٹ اوراحتساب عدالت میں مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد مریم نواز کی رہائی کی روبکار جاری ہوں گے۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے اس وقت گرفتارکیا گیا تھا جب وہ اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس جارہی تھیں۔مریم نوازنے 24 اکتوبرکواپنے والد نواز شریف کی تیمارداری کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔