چوہدری پرویزالٰہی کچھ دیر بعد مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کریں گے۔فائل فوٹو
چوہدری پرویزالٰہی کچھ دیر بعد مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کریں گے۔فائل فوٹو

چوہدری پرویز الہٰی کی مولانا فضل الرحمن سے تیسری ملاقات

اسپیکر پنجاب اسمبلی اور حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویزالہٰی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات اختتام پذیر ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دونوں رہنماؤں کی تیسری ملاقات ہے۔

ملاقات کے بعد ق لیگی رہنما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سب نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں، وقت لگے گا لیکن مثبت نتیجہ نکلے گا۔

چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں مثبت پیشرفت جاری ہے، مختلف تجاویز بھی زیرغورہیں۔

چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ کئی چیزیں ساتھ ساتھ چل رہی ہیں، تھوڑا صبراورمحنت کی ضرورت ہے۔ محنت اس لیے ہو رہی ہے تا کہ مثبت طریقے سے معاملہ منطقی انجام کو پہنچے۔ہمارے مقصد کو کامیابی ملے گی لیکن ٹائم لگے گا۔

مولانا فضل الرحمن کے گھر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا اپنا گھر ہے، گزشتہ رات وہ آئے تھے آج ہم آئے ہیں۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ایک ہے اورانشااللہ کامیابی ملے گی۔ بعدازاں اسپیکر پنجاب اسمبلی مولانا کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں اب تک کی صورتحال کا جائزہ اور شرکا کے دھرنے کے انتظامات پرغورکیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پرہوا جس کے دوران حکومتی کمیٹی اور چوہدری برادران سے ملاقات سے متعلق بریف کیا گیا۔

گزشتہ روز حکومت اور حزب اختلاف کی کمیٹیوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار رہا اور حکومت نے جے یو آئی (ف) کے دوبارہ انتخابات اور وزیراعظم کے استعفے کے مطالبات کو مسترد کردیا تاہم انتخابی اصلاحات اور آئین میں اسلامی دفعات پر عمل درآمد پراتفاق کیا گیا۔