مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور شہبازشریف اتوارکو قومی پرواز سے لندن جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے علاج کےلیے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ، شریف فیملی کی نیویارک میں بھی ڈاکٹر سے بات ہورہی ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی علاج کے لیے بیرون ملک روانگی میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ان کا نام 48 گھنٹے میں ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالے جانے کا امکان ہے۔
نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے وزارت داخلہ کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ایک باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کا نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پرای سی ایل میں ڈالا گیا تھا اس لیے حکومت نیب سے مشاورت کرے گی اور قوی امکان ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو دو روز قبل سروسز اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا جہاں سے وہ اپنی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل ہو گئے تھے، جاتی امرا میں نواز شریف کے علاج کے لیے طبی سہولیات سے آراستہ خصوصی کمرہ بھی تیار کیا گیا ہے۔