وزیراعظم کے استعفے کے لیے حکمت عملی تبدیل ہوسکتی ہے۔فائل فوٹو
وزیراعظم کے استعفے کے لیے حکمت عملی تبدیل ہوسکتی ہے۔فائل فوٹو

حکومتی کمیٹی کو کہہ دیا،استعفیٰ لے کرآنا۔فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی کو کہہ دیا کہ آنا ہے تو وزیراعظم کا استعفیٰ لے کرآنا۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ایڈہاک ازم پر حکومت اور ملک نہیں چلتے،آخر ملک کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے، ملک کو ایسے لوگوں سے فارغ کرو، پاکستان کو کہاں لے جا رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے امن کے لیے قربانیاں دیں، کیا ہماری قربانیاں اس لیے تھیں کہ ایسے لوگ حکمرانی کریں گے؟ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کیوں قبول نہیں کی جا رہی، دھاندلی سے آنے والوں کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم آئین، قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، جعلی اسمبلی سے منظور قوانین کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، جعلی اسمبلی کی قانون سازی بھی جعلی ہوتی ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے منی لانڈرنگ کا شور مچایا گیا اورآج چیئرمین ایف بی آر نے کہہ دیا کوئی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی، کس قسم کے لوگ مسلط ہو گئے ہیں، ان کی پوری سیاست مخالفین کو چور کہنے پر قائم ہے، اس حکومت کو ہم ایک قبضہ گروپ سمجھتے ہیں۔