وزیرِ اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری کو گرونانک جی کی 550 ویں سالگرہ مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ 10 مہینے کے اندر کمپلیکس بنانے پرایف ڈبلیو او سمیت تمام ادروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، مجھے تو معلوم ہی نہیں تھا کہ میری حکومت اتنا زبردست کام کر سکتی ہے، ہمارے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم سب کے لیے رحمت بن کر آئے۔
عمران خان نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، جانوروں میں کمزوروں کے حقوق نہیں ہوتے، جتنے پیغمبر علیہ السلام آئے انہوں نے انسانیت اورانصاف کی بات کی، جو لوگ بھی اللّٰہ سے قریب تھے، ان سے لوگ پیار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر میں آج بھی لوگ اولیا کے مزاروں پرجاتے ہیں، کیونکہ وہ انسانیت کے لیے آئے تھے، مجھے یہ خوشی ہے کہ ہم آپ کے لیے یہ کرسکے، مجھے ایک سال پہلے پتہ چلا کہ سکھوں کے لیے بابا گرو نانک کی کیا حیثیت ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کو کہنا ہے کہ کرتار پور سکھوں کے لیے مدینہ کی حیثیت رکھتا ہے، لیڈر نفرتیں پھیلا کر ووٹ نہیں لیتا، افریقہ میں نیلسن منڈیلا کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، لیکن نیلسن منڈیلا نے قومیتوں کو لڑنے سے بچایا، ہمارے دین میں ایک انسان کا قتل پوری دنیا کا قتل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میں وزیراعظم بنا تو مودی سے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے، میں نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مسئلہ ہے اور وہ کشمیر ہے، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ کشمیریوں سے بنیادی انسانی حقوق چھین لیے گئے، اس طرح امن نہیں ہوگا،کشمیر کا مسئلہ زمین کا مسئلہ نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آج بھی وزیرِاعظم مودی سے کہتا ہوں کہ کشمیر کا مسئلہ حل کریں، اس مسئلے سے پورے برصغیر کو آزاد کر دیں، امید ہے کہ یہ ایک شروعات ہے، ایک دن ہمارے حالات بھارت سے ایسے ہوں گے جیسے ہونے چاہیے تھے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ جو نفرتیں 70 سال سے اس مسئلہ حل نہ ہونے کی وجہ سے رہا ہے، مجھے لگتا ہے کہ جرمنی اور فرانس جس نے بہت جنگیں لڑیں آج امن ہے، وہاں جنگ کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، دونوں ممالک میں تجارت کھولی ہے، سرحدیں کھولی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہوا تو برصغیر میں بہت بڑی خوشحالی آئے گی، انشاء اللہ مجھے یقین ہے کہ یہ دن دور نہیں۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک پیغام میں کہا تھا کہ آج کا دن خطے کے امن کے لیے ہماری کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیر مذہبی امورپیرنورالحق قادری کا خطاب
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ بابا گرونانک کا عراق کے دارالحکومت بغداد میں 6 سال گزارے، میں نے وہ مقام دیکھا ہے جہاں بابا گرو نانک نے چلے کاٹے، آپ عراق میں رہتے ہوئے ہر روز حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت شیخ عبدالقادری کی درگاہ پر حاضری دیا کرتے۔