جمعیت علمائے اسلام (ف) کے’پلان بی‘ کے تحت احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں وسیع کرنے کا امکان ہے۔ذرائع نجی ٹی وی نے بتایا کہ معاشی حب کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے ہوسکتے ہیں۔
ساؤتھ زون میں پانچ اور ویسٹ زون میں پانچ مقامات پر دھرنے ہوسکتے ہیں جبکہ ایسٹ زون میں 3 مقامات پر دھرنے دیے جاسکتے ہیں۔
ساؤتھ زون پولیس نے احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی تیار کرلی ۔اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے ایس ایس پی ساؤتھ اور سٹی کو خط لکھا۔
خط کے متن کے مطابق انتہائی باوثوق ذرائع سے جے یو آئی کے دھرنوں کی خبر موصول ہوئی ہے، ممکنہ طور پر ساؤتھ زون میں پانچ مقامات پراحتجاجی دھرنے کیے جاسکتے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئل ٹرمینل کے اخراجی اور داخلی راستوں پر دھرنا دیا جاسکتا ہے، آئی سی آئی پل ، میری ویدر ٹاور، تین تلوار پر دھرنا دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس گشت اور نگرانی بڑھائی جائے، پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلیے تمام سیکیورٹی سہولیات بروئے کار لائیں۔