انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریراوراحتجاجی مظاہروں میں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں خادم حسین رضوی سمیت 26 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیزتقاریراوراحتجاجی مظاہروں میں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبرایک کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔
خادم حسین رضوی، علامہ اعجاز اشرفی،علامہ فاروق الحسن، سید ظہیرالحسن شاہ اور شفقت جمیل سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے ،سماعت کے دوران خادم رضوی اور سابق رہنما پیرافضل قادری سمیت 26 ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی گئیں۔
عدالت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت 26 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی،عدالت نے کیس کے گواہوں کو آئندہ سماعت کے لیے طلبی کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت کل 13 نومبر تک ملتوی کردی۔