سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایک بار پھر مشروط طورپراجازت ملنے کے بعد علاج کیلیے بیرون ملک جانے سے انکار کردیا ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف نے مشروط طور پر بیرون ملک جانے سے انکار کردیا ہے اور انہوں نے اپنے فیصلے سے اپنے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف کو آگاہ کردیا ہے۔
نواز شریف کے فیصلے کے بعد سیکیورٹی بانڈ کے معاملے پر شریف فیملی نے عدالت سے رجوع کرنے کے آپشن پر غور شروع کردیا ہے، شریف فیملی نے اس سلسلے میں اپنے وکلا سے مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف وکلا سے مشاورت کے بعد نواز شریف کے علاج کے حوالے سے اجازت حاصل کرنے کے طریقہ کار پر فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا تھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ وہ 4 ہفتوں کیلیے ایک بار بیرون ملک جاسکیں گے اور اس کیلیے انہیں یا شہباز شریف کو 7 ارب روپے کے شورٹی بانڈ جمع کرانا ہوں گے۔