پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کاچیئرمین نہ بنانے پر لیگی ارکان اسمبلی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہو گئے،مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی نے استعفے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ماضی کی روایت کی برقرار رکھتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے تاہم 14 ماہ گزرنے کے باوجود ایسا نہ ہوسکا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک ندیم کامران ، سمیع اللہ خان، اقبال گجر اور ذیشان رفیع نے 100 ارکان کے استعفے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادیے۔
استعفے پیش کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے (ن) لیگی رہنما ملک ندیم کامران نے کہا کہ حکومت نے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیرکی، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو صوبائی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہ بنانے کے پیچھے وزیراعظم کی مداخلت ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے معاملات میں مداخلت ناجائزعمل ہے۔