جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اگرعمران خان استعفیٰ دے دیتے تو ان کے خلاف احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں نہ پھیلتا۔
اسلام آبادمیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ہوئی ہے جس میں دھرنے اورآزادی مارچ سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ان کا آزادی مارچ ابھی جاری ہےاوراب یہ ایک جگہ سے پورے ملک میں پھیل چکا ہے۔انہوں نے کہا اگرعمران خان استعفیٰ دے دیتے تو یہ احتجاج ملک بھرمیں نہ پھیلتا۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ وہ پندرہ ملین مارچ کرچکے اور حالیہ آزادی مارچ بھی کیالیکن اس دوران تمام جمہوری اقدار کا مکمل خیال کیاگیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مارچ کے دوران عوامی مشکلات کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں حالات خراب ہوں۔
اس موقع پر چوہدری پرویزالٰہی نے بھی دھرنے کے دوران ڈسپلن کی تعریف کی جبکہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیں اوریہ معاملہ اپنے سرنہ لیں۔