جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہماری تحریک دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے ،شاہراہیں بند کرنے سے بھی آگے بڑھیں گے، حکومت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمن نے کہاکہ وزیراعظم کا اسعتفیٰ ہمارا بنیادی ہدف ہے امید ہے ،ناجائز حکومت اور حکمران جلد قوم کے سر سے اتریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شہروں میں ایسی صورتحال پیدا نہیں کی تاکہ معمولات زندگی برقرار رکھ سکیں، ہمارے اسلام آباد میں بیٹھنے کے دوران حکومت مستعفی ہوجاتی تو شاہراہوں پرجانے پرمجبورنہ ہوتے، ہم شاہراہیں بند کرنے سے بھی آگے بڑھیں گے اوراس حکومت کے خاتمے تک نہیں رکیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کے درخت کا تنا گرانے کے مرحلے میں ہے، امید ہے اسی سال کے باقی حصے میں بنیادی مقصد حاصل کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی قائم ہے، اپوزیشن کے رابطوں کا مؤثر نظام ہے، شہبازشریف سے فون پر رابطہ ہواتھا۔
سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ نوازشریف کے معاملے میں حکومت نے بداخلاقی کا مظاہرہ کیا،حکومت کی شرائط سے افسوس ہوا، اس سے بڑھ کربلیک میلنگ نہیں ہوسکتی۔