مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایک ایسے شخص کو کئی دنوں کے عدالتی عمل میں ڈالنا جس کیلیے 24 گھنٹے بھی اہم ہوں ، انتہائی غیرانسانی فعل ہے، حکومت کو نواز شریف کی زندگی سے نہیں بلکہ اپنی سیاست سے دلچسپی ہے۔
ہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے صف اول کے قانونی ماہرین نے اپنی رائے کا کھل کا اظہار کیا تھا کہ حکومت نے ایک غیر قانونی شرط لگائی ہے۔ میں بھی وزیر داخلہ رہا ہوں اور ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ای سی ایل سے نام ہٹانے کے معاملے پر عدالت کا کام خود سنبھالا ہو، مذہبی سفراورعلاج کیلیے لوگوں کوایک دفعہ کی چھوٹ دی جاتی رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے ووٹرز کو خوش کرنے کیلیے یہ شرط لگائی ہے تو یہ انتہائی غیر انسانی فعل ہے، جس شخص کیلیے 24 گھنٹے بھی اہم ہوسکتے ہیں اس کو ہم نے کئی دنوں کے عدالتی عمل میں ڈال دیا ہے، عدلیہ نے صورتحال کی سنگینی کو سمجھا اورہفتے کو کیس کی سماعت مقرر کی ہے، ہم پرامید ہیں کہ کل نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے پرغیرقانونی شرط کے حوالے سے ریلیف ملے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عدالت میں حکومت نے جو موقف اپنایا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کو نواز شریف کی زندگی سے نہیں بلکہ اپنی سیاست سے دلچسپی ہے،یہ غیرانسانی رویوں کی حکومت ہے جس کی بنیاد نفرت اورانا کے بتوں پر رکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور نیب کا موقف مسترد کرتے ہوئے نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا ہے۔