جمعیت علمائے اسلام کا پلان بی جاری ہے، نوشہرہ، بنوں سمیت ملک کے کئی شہروں میں شاہراہیں تیسرے روز بھی بند ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
کراچی میں جے یو آئی ف کے کارکنوں نے حب ریور روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق دھرنے کی وجہ سے ہیوی ٹریفک کو روک دیا گیا ہے، حب سے آنے والی گاڑیوں کو ناردرن بائی پاس کی طرف موڑا جا رہا ہے جب کہ کراچی سے آنے والے ٹریفک کو حب ٹول پلازا سے موڑا جا رہا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے کارکن نوشہرہ، حکیم آباد میں جی ٹی روڈ پرآج بھی دھرنا دیے ہوئےہیں۔ دھرنے کے باعث جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند ہے، سڑک کی بندش سے ٹریفک کو متبادل روٹ پر منتقل کیا گیا، ملاکنڈ میں بھی پلان بی کے تحت دھرنا جاری ہے، بارش کے باعث مظاہرین کے خیمے گر گئے۔
بنوں میں انڈس ہائی وے پر بھی دھرنے کا تیسرا روز ہے، شہری متبادل راستے استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ کندھ کوٹ میں بھی نیشنل ہائی وے پرکارکنوں نے دھرنا دیا ہوا ہے، ٹریفک معطل ہے، گھوٹکی میں بھی مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ژوب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جے یوآئی ف کے کارکنوں کا دھرنا جاری ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں 14 روز کے دھرنے کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے 13 نومبرکو دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے شہروں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔