سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے جاتی امرا میں اپنے بھائی نوازشریف کی عیادت کی ہے اس دوران انہوں نے اپنے ایک بیان میں چوہدری برادران سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا ہے جنہوں نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلیے ان کی معاونت کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہبازشریف نے جاتی امرا میںاپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کی اورنیک تمنائوں کااظہارکیا۔
اس موقع پر مریم نواز بھی وہاں موجودتھیں جبکہ ڈاکٹرعدنان نے ان کی صحت سے متعلق بریف کیا۔شہبازشریف نے نوازشریف سے ان کی طبیعت کااحوال پوچھا اورانہیں اب تک ہونے والے معاملات سے متعلق آگاہ بھی کیا۔شہباز شریف نے نواز شریف سے کہا کہ تمام انتظامات مکمل ہیں آپ بس تیاری کریں۔
اپنے بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست نہیں کی بلکہ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پرتعاون کیا۔شہبازشریف نے کہاکہ وہ چوہدری شجاعت ، چوہدری پرویزالٰہی،اے این پی ، چیئرمین سینیٹ اورعوام کے شکرگزار ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا۔شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے تاخیرکی لیکن اللہ تعالیٰ نے ریلیف دیا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیان سامنے آگیا۔۔۔جاتی امرا میں شہبازشریف سے کے دوران انہوں نے کہا زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔حکومت نے انتہائی چھوٹے دل کا مظاہرہ کیا۔چھوٹے بھائی ہونے کے ناطے آپ نے جو کوشش کی وہ قابل تعریف ہے۔
یادرہے گزشتہ روزلاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نام غیر مشروط طورپرای سی ایل سے نکالنے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 4 ہفتوں کیلیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔